ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’چوکیدار چور ہے ‘والے بیان پر راہل کو سپریم کورٹ سے توہین عدالت نے نوٹس جاری کیا

’چوکیدار چور ہے ‘والے بیان پر راہل کو سپریم کورٹ سے توہین عدالت نے نوٹس جاری کیا

Tue, 23 Apr 2019 22:38:58    S.O. News Service

نئی دہلی، 23 اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) چوکیدار چور والے بیان پر کانگریس صدر راہل گاندھی کی مشکلیں افسوس جتانے کے بعد بھی کم ہوتی دکھائی نہیں دے رہی ہیں۔راہل گاندھی کے تبصرے کے خلاف بی جے پی ایم پی میناکشی لیکھی نے توہین عرضی دائر کی، جس پر منگل کو سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔میناکشی لیکھی کی طرف سے پیش وکیل مکل روہتگی نے کورٹ کو بتایا راہل گاندھی نے اپنے بیان پر صرف افسوس ظاہر کیا ہے، معافی نہیں مانگی ہے،جس کے بعد عدالت نے راہل گاندھی کو توہین نوٹس جاری کر دیا۔رافیل ڈیل میں گھوٹالے کے الزام والی نظر ثانی پٹیشن سپریم کورٹ میں قبول ہونے کے بعد کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا تھا کہ کورٹ نے بھی مان لیا ہے کہ چوکیدار چور ہے۔راہل نے یہ بیان وزیر اعظم نریندر مودی کے لئے دیا تھا،وہ اپنی تقریروں میں پی ایم مودی کو چوکیدار بتاتے ہوئے ان پر چوری کا الزام لگاتے رہے ہیں لیکن کورٹ نے بھی مان لیا کہ چوکیدار چور ہے والے بیان پر اعتراض کے بعد راہل کو نوٹس بھیجا گیا تھا،جس پر راہل گاندھی نے سپریم کورٹ میں جواب داخل کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اپنے بیان پر افسوس ہے۔اگرچہ راہل کے اس جواب سے بی جے پی ناخوش نظر آئی۔بی جے پی کے ایم پی میناکشی لیکھی نے اس سلسلے میں کورٹ میں اپیل کی جس پر منگل کو سماعت ہوئی۔لیکھی کی طرف پیش وکیل مکل روہتگی نے کہا کہ راہل نے معافی نہیں مانگی ہے، افسوس ظاہرکیا ہے۔اس پر چیف جسٹس رنجن گوگوئی نے کہا کہ ابھی تک انہوں نے راہل گاندھی کا جواب نہیں پڑھا ہے۔اس کے بعد چیف جسٹس نے میناکشی لیکھی کے وکیل کو کہا کہ آپ پڑھ کے بتائیے۔اس پر مکل روہتگی نے کورٹ کو بتایا کہ راہل گاندھی نے اپنے تبصرے پر افسوس ظاہر کیا ہے۔راہل گاندھی نے تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے غلطی کی ہے، لیکن راہل گاندھی نے اپنے بیان پر صرف افسوس ظاہر کیا ہے معافی نہیں مانگی ہے۔وہیں دوسری طرف راہل گاندھی کے وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے کورٹ میں کہا کہ راہل گاندھی نے افسوس ظاہر کیا ہے، لیکن جان بوجھ کر کر یہ معاملہ اٹھایا جا رہا ہے کیونکہ ابھی لوک سبھا کے انتخابات ہو رہے ہیں۔بہرحال سماعت کے بعد عدالت نے راہل گاندھی کو توہین نوٹس جاری کر دیا ہے۔ساتھ ہی توہین کیس کی سماعت کے لئے منگل (30 اپریل) کا دن طے کیا۔اسی دن رافیل تنازعہ پر دائر نظر ثانی درخواست پر سماعت ہوگی۔


Share: